ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: ’’عوام اس بار تبدیلی چاہتے ہیں‘‘، شرد پوار کا دعویٰ

مہاراشٹر اسمبلی انتخابات: ’’عوام اس بار تبدیلی چاہتے ہیں‘‘، شرد پوار کا دعویٰ

Thu, 07 Nov 2024 18:43:36  SO Admin   S.O. News Service

ممبئی، 7/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی مہم زور و شور سے جاری ہے، اور تمام سیاسی پارٹیاں اپنے آپ کو بہتر ثابت کرنے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔ اس دوران نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے اپنے اتحادی مہا وکاس اگھاڑی کی کامیابی پر پختہ یقین ظاہر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام موجودہ حکومت سے مایوس ہیں اور اس بار تبدیلی کی خواہش رکھتے ہیں۔

شرد پوار نے یہ بیان ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران دیا۔ اس موقع پر انہوں نے مہا وکاس اگھاڑی کی خوبیاں اور مخالفین کی کمزوریاں بیان کیں۔ پوار نے کہا کہ ہماری انتخابی مہم بہترین انداز میں جاری ہے اور اتحادی جماعتیں جیسے کانگریس اور شیو سینا (یو بی ٹی) بھی موثر طریقہ سے مہم چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہو چکے ہیں اور تبدیلی چاہتے ہیں۔

شرد پوار نے مزید کہا کہ وہ عوام سے براہ راست رابطہ کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اسی لیے وہ ناگپور سے ہنگن گھاٹ جائیں گے تاکہ وہاں لوگوں سے گفتگو کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ 18 تاریخ تک مسلسل انتخابی مہم جاری رکھیں گے اور عوام کو اپنی پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں انتخابات میں جوش و خروش کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے ریاست میں جاری ریزرویشن اور ذات پر مبنی مردم شماری کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ پوار نے کہا کہ وہ تین سال سے اس مردم شماری کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ ریاست کی موجودہ حالت کو سمجھا جا سکے۔ پوار سے جب یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے متنازعہ بیان پر سوال کیا گیا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی اور نتائج 23 نومبر کو ظاہر کیے جائیں گے۔


Share: